Get Alerts

برفباری کا نیا سپیل: چھتر پلین میں شاہراہِ قراقرم بند، پنجاب میں بارش سے سردی کی لہر برقرار

برفباری کا نیا سپیل: چھتر پلین میں شاہراہِ قراقرم بند، پنجاب میں بارش سے سردی کی لہر برقرار

مانسہرہ/ لاہور : خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں موسمی صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔ مانسہرہ کے سیاحتی مقام چھتر پلین میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے سے نظامِ زندگی درہم برہم ہو گیا ہے۔مانسہرہ کے خوبصورت سیاحتی مقام چھتر پلین میں قدرت کا قہر جاری ہے. شہری علاقوں میں 6 انچ جبکہ بالائی پہاڑی علاقوں میں ایک فٹ تک تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔
     شدید برفباری کے باعث شاہراہِ قراقرم ایک بار پھر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے، جس سے سینکڑوں مسافر اور گاڑیاں پھنس کر رہ گئی ہیں۔
افسوسناک صورتحال یہ ہے کہ شدید موسم کی وجہ سے علاقے میں بجلی کا نظام 5 روز گزرنے کے باوجود بحال نہیں ہو سکا، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ چھتر پلین کو ملانے والی تمام بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں تاحال بند ہیں، جس سے خوراک اور ادویات کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بادلوں کے برسنے سے سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے، جس نے شہریوں کو گرم ملبوسات میں محصور کر دیا ہے۔
این ایچ اے (NHA) اور ضلعی انتظامیہ نے مسافروں کو شاہراہِ قراقرم پر سفر نہ کرنے کی سخت ہدایت کی ہے۔ جب تک برف ہٹانے کا کام مکمل نہیں ہو جاتا، چھتر پلین اور ملحقہ علاقوں کی طرف سفر جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔

ٹیگز: