لاہور : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت بھی گزشتہ حکومتوں کا ہی تسلسل ثابت ہوئی ہے ، جماعت اسلامی گزشتہ حکمران پارٹیوں کی سیاست کا حصہ نہیں بنے گی ، جماعت اسلامی کے پاس ملکی مسائل کے حل کا مکمل ایجنڈا موجود ہے ۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں سے ذرا برابر بھی مختلف ثابت نہیں ہوئی ہے ، تمام تبدیلیاں صرف باتوں کی حد تک موجود رہی ہیں .
جماعت اسلامی گزشتہ جماعتوں میں شامل نہیں ہوگی ، ہمارے پاس تمام ملکی مسائل کے حل کا مکمل ایجنڈا موجود ہے ، موجودہ حکومت کا ایک سال ملکی تاریخ کا بدترین وقت ثابت ہوا ہے ۔
مہنگائی ، بے روزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی عوام کے لیے ناقابل برداشت ہے ، معاشی پالیسیاں تباہ کن ہیں ، تجارت ختم ، مارکیٹیں بند اور ترقی کا پہیہ رک گیا ہے ۔