وزیراعظم نے آئی ایم ایف کی متبادل تجویز کو مسترد کر دیا تھا،سابق وزیر خزانہ اسد عمر

وزیراعظم نے آئی ایم ایف کی متبادل تجویز کو مسترد کر دیا تھا،سابق وزیر خزانہ اسد عمر
کیپشن: Image Source: Asad Umer Twitter Account

اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم کو آئی ایم ایف پروگرام حاصل کرنے کے بجائے متبادل راستہ اختیار کرنے کی تجویز پیش کی جس کو مسترد کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ، سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کراچی اسکول آف بزنس اینڈ لیڈر شپ کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ مارچ میں وزیراعظم  کو آئی ایم ایف پروگرام حاصل کرنے کے بجائے متبادل راستہ اختیار کرنے کی تجویز پیش کی جس کو مسترد کر دیا گیا۔ آئی ایم ایف کے پاس جانا ایک راستہ ہے مجبوری نہیں۔

انہوں نے کہا کہ متبادل تجاویز میں سرمائے کی عالمی مارکیٹ میں عمران خان کی نیک نامی اور خلیجی ممالک سے پاک فوج کے تعلقات کا فائدہ اٹھانا شامل تھا۔

اسد عمر کے مطابق انہوں نے بطور وزیر خزانہ اپنی سبکدوشی سے ایک ماہ قبل یہ متبادل منصوبہ وزیراعظم کو پیش کیا تھا، عمران خان نے کہا کہ اگرچہ وہ خطروں سے کھیلنے والے شخص ہیں مگر ہر کوئی یہی کہہ رہا ہے کہ ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا چاہئیے۔