Get Alerts

خیبرپختونخوا میں گاڑیوں کے لیے نئی اسمارٹ نمبر پلیٹس متعارف کرانے کا فیصلہ

 خیبرپختونخوا میں گاڑیوں کے لیے نئی اسمارٹ نمبر پلیٹس متعارف کرانے کا فیصلہ

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے گاڑیوں کی شناخت کے نظام کو مزید جدید اور محفوظ بنانے کے لیے صوبے بھر میں تمام سرکاری اور نجی گاڑیوں کی موجودہ نمبر پلیٹس تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا کے مطابق نئی نمبر پلیٹس جدید ریڈیو فریکوئنسی آئیڈینٹیفکیشن (RFID) ٹیکنالوجی سے لیس ہوں گی، جس کی مدد سے گاڑیوں کی شناخت، نگرانی اور ریکارڈ تک رسائی کا عمل زیادہ تیز اور مؤثر بنایا جا سکے گا۔

حکام کے مطابق نئی اسمارٹ نمبر پلیٹس میں خصوصی آر ایف آئی ڈی اسٹیکرز نصب کیے جائیں گے، جنہیں مرکزی ڈیٹا بیس سے منسلک کیا جائے گا۔ اس جدید نظام کے ذریعے قانون نافذ کرنے والے ادارے گاڑی اسکین کرتے ہی اس کی رجسٹریشن، مالک کی تفصیلات اور دیگر ضروری معلومات فوری حاصل کر سکیں گے۔

محکمہ ایکسائز کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے چوری شدہ، مشکوک اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کی نشاندہی میں آسانی پیدا ہوگی، جبکہ گاڑیوں کے ریکارڈ کو زیادہ محفوظ اور شفاف بنایا جا سکے گا۔

حکام کے مطابق نئی نمبر پلیٹس کا اجرا صوبے میں موجود تمام سرکاری اور نجی گاڑیوں کے لیے لازمی ہوگا۔ موجودہ نمبر پلیٹس کی فیس 1200 روپے ہے، جبکہ آر ایف آئی ڈی سہولت سے مزین نئی اسمارٹ نمبر پلیٹس کی قیمت 4 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق منصوبے کا مقصد گاڑیوں کی رجسٹریشن کے نظام کو بہتر بنانا، ٹریفک مینجمنٹ کو مؤثر بنانا اور جرائم کی روک تھام کے لیے اداروں کو جدید سہولت فراہم کرنا ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت بھی اس سے قبل جدید سیکیورٹی خصوصیات اور آر ایف آئی ڈی ٹیکنالوجی پر مشتمل نئی نمبر پلیٹس متعارف کرانے کا اعلان کر چکی ہے۔ پنجاب میں اپریل 2024 سے سرکاری سطح پر نمبر پلیٹس کا اجرا عارضی طور پر روک دیا گیا تھا، جس کے بعد گاڑی مالکان کو مارکیٹ سے نمبر پلیٹس بنوانے کی اجازت دی گئی۔

بعد ازاں پنجاب حکومت نے اعلان کیا تھا کہ نئی نمبر پلیٹس میں آر ایف آئی ڈی چپس شامل ہوں گی، جن کے ذریعے گاڑی اور اس کے مالک کی معلومات فوری طور پر حاصل کی جا سکیں گی۔

خیبرپختونخوا حکومت کا یہ اقدام گاڑیوں کے ڈیجیٹل ریکارڈ، بہتر سیکیورٹی اور جدید نگرانی کے نظام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
 

ٹیگز: