اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کے 8 امیدوار الیکشن کی دوڑ میں ہیں اور بلاول کی گفتگو سے لگتا ہے ان کو اپنی پارٹی پوزیشن کا پتہ ہی نہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے الیکشن میں بھی بلاول اور مریم الیکشن مہم میں چِلا چِلا کر پاگل ہو گئے اور بعد میں ان پر انکشاف ہوا کہ ان کی جماعتوں کے ٹکٹ پر ایک تہائی امیدوار بھی انتخاب نہیں لڑ رہے تھے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بھی پیپلز پارٹی کے8 امیدوار الیکشن کی دوڑ میں ہیں اور بلاول کی گفتگو سے لگتا ہے کہ ان کو اپنی پارٹی پوزیشن کا پتہ ہی نہیں ۔
خیال رہے کہ کوٹلی، آزاد کشمیر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے امیدواروں پر مکمل یقین ہے اور وہ ہمارے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ پیپلز پارٹی کی بنیاد کشمیر کی آزادی کی خاطر رکھی گئی اور آئندہ آزاد کشمیر کا وزیراعظم جیالا ہو گا جبکہ عوام آزادکشمیر میں پاکستان پیپلزپارٹی ہی حکومت بنائے گی۔