واشنگٹن: امریکہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کی پیش کش کرنے پر غور کر رہا ہے۔ نیٹو سمٹ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ اگلے ہفتے ایران سے بات چیت ہوگی اور ممکن ہے معاہدے پر دستخط بھی ہو جائیں۔
امریکی ذرائع کے مطابق واشنگٹن ایران کو اپنی بیرونی بینکوں میں رکھے ہوئے 6 ارب ڈالر تک رسائی دینے کا امکان رکھتا ہے، تاہم ایران کو یورینیم کی افزودگی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات سے کوئی چیز منتقل یا باہر نہیں نکالی گئی، کیونکہ یہ عمل بہت مشکل اور خطرناک ہوتا ہے۔ انہوں نے پینٹاگون کی رپورٹ نشر کرنے پر سی این این اور نیویارک ٹائمز کے چند صحافیوں کو برطرف کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
قبل ازیں، ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران نے بہادری سے جنگ لڑی ہے اور ایران اور اسرائیل کے درمیان دوبارہ جنگ کا امکان کم ہے۔ یورپی حکومتوں کی ابتدائی رپورٹس کے مطابق ایران کا یورینیم ذخیرہ زیادہ تر محفوظ ہے۔