اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے "میٹ دی پریس" سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو بھارت کے خلاف سفارتی اور اخلاقی میدان میں تاریخی فتح حاصل ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ "بھارت ہم سے سات گنا بڑا ملک ہے اور اس کے وسائل بھی ہم سے زیادہ ہیں، اس کے باوجود پاکستان کا بیانیہ مضبوط رہا اور ہر محاذ پر کامیابی ملی۔"
بلاول بھٹو زرداری نے نوجوانوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ "ہمیں فخر ہے کہ ہمارے نوجوانوں نے سوشل میڈیا کے محاذ پر مورچہ سنبھالا اور بہترین دفاع کیا۔"
انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا جبکہ بھارتی میڈیا نے جھوٹ اور پروپیگنڈے سے کام لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "صحافیوں کا اصل ہتھیار ان کا قلم ہوتا ہے، اور پاکستانی صحافیوں نے اس کا بہترین استعمال کیا۔ دنیا نے دیکھ لیا کہ پاکستانی میڈیا نے سچ دکھایا اور بھارتی میڈیا جھوٹا پروپیگنڈا کرتا رہا۔"