Get Alerts

خاران اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 8 دہشت گرد مارے گئے

خاران اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 8 دہشت گرد مارے گئے

راولپنڈی: بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 25 جون کو ضلع خاران میں فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا گیا، جس میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک خودکش حملہ آور سمیت 5 دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان کے مطابق آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) اور موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز ملک کے امن و استحکام کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ٹیگز: