کراچی: نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) نے کراچی کے ناردرن بائی پاس پر واقع مویشی منڈی میں اے ٹی ایم کی سہولت فراہم کر دی ہے تاکہ عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت میں مالی لین دین کو تیز، محفوظ اور آسان بنایا جا سکے۔
این بی پی کی جانب سے سٹیٹ بینک آف پاکستان کی "گو کیش لیس" مہم کے تحت مالی شمولیت اور ڈیجیٹل لین دین کو فروغ دینے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔ مویشی منڈی میں اے ٹی ایم کی سہولت سے تاجروں، کسانوں اور خریداروں کو نقدی لے جانے کی دشواریوں سے نجات ملے گی اور لین دین زیادہ محفوظ ہو گا۔
این بی پی نے صارفین کو اے ٹی ایم کے استعمال میں رہنمائی فراہم کرنے کے لیے عملہ بھی تعینات کیا ہے تاکہ صارفین کو سہولت میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہو۔ صارفین اب نہ صرف نقد رقم نکال سکیں گے بلکہ این بی پی کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے ادائیگی بھی کر سکیں گے، جس سے مالی معاملات میں شفافیت اور حفاظت میں اضافہ ہو گا۔
این بی پی کے ایس ای وی پی اور ریٹیل بینکنگ گروپ کے گروپ چیف (قائم مقام) فیصل احمد ٹوپرا نے کہا کہ کراچی کی مویشی منڈی میں اے ٹی ایم سہولت فراہم کرنا نیشنل بینک کے لیے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام مالی لین دین کو کیش لیس بنانے اور صارفین کے اعتماد کو مضبوط کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔