کراچی :امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف ملک گیر تحریک کا بگل بجاتے ہوئے عید کے بعد ہڑتال کی کال دینے کا اعلان کیا ہے۔ کراچی میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں غربت کی شرح میں 41 فیصد کا تاریخی اور ریکارڈ اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ لیوی ٹیکس کے نام پر عوام سے اربوں روپے وصول کیے جا چکے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف عوام مہنگائی سے پس رہے ہیں اور دوسری طرف آئی پی پیز کو 1800 ارب روپے سے زائد کے کیپیسٹی چارجز ادا کیے گئے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر نکلیں اور پورا پاکستان سراپا احتجاج بنے۔
عالمی منظرنامے پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ غزہ کے تنازع پر ثالثی کی کوششیں اپنی جگہ، لیکن پاکستان اسرائیل کو کسی بھی صورت تسلیم نہیں کر سکتا۔