راولپنڈی /اسلام آباد/کوئٹہ :چیف آف ڈیفنس فورسز ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عیدالاضحیٰ کا دن بلوچستان کے سرحدی ضلع ژوب میں اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کے ساتھ گزارا۔
بیورو چیف اسلام آباد نیونیوز جاوید بلوچ کے مطابق فیلڈ مارشل نے صفِ اول میں وطن کا دفاع کرنے والے افسران اور جوانوں کے ساتھ عید کی نماز ادا کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔ ژوب پہنچنے پر کمانڈر کوئٹہ کور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو سکیورٹی کی مجموعی صورتحال اور آپریشنل امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں، پختہ عزم اور جوانوں کے بلند حوصلے کی کو سراہا۔ چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے جانیں قربان کرنے والے بہادر جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔