اسلام آباد:قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قومی مفاہمت اور میثاقِ جمہوریت کی واضح دعوت دی ہے، مگر وہ جماعت جو ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کر چکی ہے اُس کو انتخابی عمل پر تنقید کا کوئی حق نہیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لے کر سیاسی میدان خالی چھوڑا، جس کے نتیجے میں بابر نواز خان نے ان سے نشست چھین لی۔ وزیر اطلاعات کے مطابق حکومت نے اپوزیشن کو مذاکرات کی متعدد بار پیشکش کی مگر اس کا کوئی مثبت جواب نہیں آیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو واضح شکست کا سامنا کرنا پڑا، اور ان کے قول و فعل میں کھلا تضاد ہے۔ عطا تارڑ نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا کے ذریعے ریاستی اداروں کے خلاف منظم مہم چلائی، جو انتہائی افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔