لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرنے والے آصف علی نے پہلی پوسٹ سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔
آصف علی نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر گزشتہ روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران لی گئی 2 تصاویر شیئر کیں اور کیپشن میں لکھا ’الحمد اللہ۔‘
آصف علی کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں پہلی تصویر وہ ہے جب آصف علی نے مشکل وقت میں زبردست چھکا لگا کر پاکستان کی جیت کو یقینی بنایا جبکہ دوسری تصویر میں وہ مین آف دی میچ قرار پانے والے حارث رؤف کیساتھ کھڑے ہیں۔
View this post on Instagram
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے جس نے پہلے میچ میں بھارت کو تاریخی شکست سے دوچار کیا تو دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ جیسی بہترین ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دھول چٹائی۔
شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے تھے جبکہ قومی ٹیم نے مقررہ ہدف سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔