واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے ساتھ تعلقات میں حالیہ بہتری کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے تعاون خطے میں استحکام اور ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ روبیو کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو صرف انسداد دہشت گردی تک محدود نہیں رکھنا چاہتا، بلکہ ان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے کئی مواقع تلاش کر رہا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کے امکانات موجود ہیں اور امریکا ان تعلقات کو باہمی مفادات کی بنیاد پر بڑھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے کئی مشترکہ مفادات موجود ہیں، جن پر امریکا اور پاکستان مل کر کام کر سکتے ہیں۔
مارکو روبیو نے یہ بھی واضح کیا کہ اسلام آباد سے امریکا کے تعلقات کا نئی دہلی سے کوئی تعلق نہیں ہے اور بھارت نے پاکستان کے ساتھ امریکا کے تعلقات پر کسی قسم کی تشویش کا اظہار نہیں کیا۔ اس بیان سے امریکا کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تعلقات میں توازن برقرار رکھنے کی کوششوں کا عندیہ ملتا ہے۔