Get Alerts

پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، اسحاق ڈار

 پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، اسحاق ڈار

اسلام آباد: پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھارت کی ہٹ دھرمی کو جنوبی ایشیا کے امن کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کے 78 سال مکمل ہونے پر بھارت کے اقدامات کی شدید مذمت کی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے 27 اکتوبر 1947 کو سری نگر پر غیر قانونی قبضہ کیا تھا، اور تب سے کشمیری عوام بھارتی ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف رائے شماری میں ہے، لیکن بھارت نے مسلسل سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد بھارتی اقدامات نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال مزید بگاڑ دی ہے، اور بھارت نے کشمیریوں کے حقوق پامال کرتے ہوئے غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل جاری کر کے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ کشمیری قیادت کی گرفتاری اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بدستور جاری ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلگام حملے کے بعد ہزاروں کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا، لیکن کشمیری عوام نے بھارتی جبر کے باوجود استقامت کا مظاہرہ کیا۔ اسحاق ڈار نے بھارت کی ہٹ دھرمی کو جنوبی ایشیا کے امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کی تکالیف کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

نائب وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا اور ان کی حمایت میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑے گا۔

ٹیگز: