اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنا اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔ وزیر اعظم سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والے فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو (FII) کے نویں ایڈیشن میں شرکت کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف اس دورے کے دوران سعودی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعاون کا جائزہ لیا جائے گا اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر بات چیت کی جائے گی۔ وزیر اعظم پاکستان عالمی سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی کے لیے پاکستان کی صلاحیتوں کو اجاگر کریں گے۔
وزیر اعظم کے ہمراہ وفد میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور دیگر سینئر کابینہ اراکین بھی شامل ہیں۔ وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو کے اجلاس کی مشترکہ قیادت کریں گے۔ اس اجلاس میں دنیا بھر کے رہنما، سرمایہ کار، پالیسی ساز اور ماہرین شریک ہوں گے۔
فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو ایک عالمی پلیٹ فارم ہے جسے ایف آئی آئی انسٹی ٹیوٹ کی میزبانی حاصل ہے، جو سعودی عرب میں قائم ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے۔ یہ فورم حکومتوں، کاروباری شعبے اور مالیاتی اداروں کے رہنماؤں کو اکٹھا کرتا ہے تاکہ وہ عالمی سرمایہ کاری، جدت اور انسانیت پر ان کے اثرات کے مستقبل پر گفتگو اور منصوبہ بندی کر سکیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔ یہ دورہ پاکستان کی اقتصادی سفارت کاری کو مزید آگے بڑھانے، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی میں تزویراتی شراکت داریوں کو فروغ دینے کے عزم کا مظہر ہے۔