آئندہ الیکشن میں حکمران جماعت کو اڑاکر رکھ دیں گے، عمران خان

آئندہ الیکشن میں حکمران جماعت کو اڑاکر رکھ دیں گے، عمران خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ن لیگ کی حکومت اداروں کا احترام نہیں کرتی مینڈیٹ ری فریش کرانا ہوگا۔ آئندہ الیکشن میں حکمران جماعت کو اڑاکر رکھ دیں گے ۔ نوازشریف کو مجرم قرار دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایک مجرم کے ملازم بنے ہوئے ہیں ۔

ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے مطالبہ کیا کہ ماڈل ٹاؤن رپورٹ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر ڈالی جائے ۔ ماڈل ٹاؤن میں دن دہاڑے لوگوں کو قتل کیا گیا حکمرانوں نے ہر جگہ وفاداروں کو بٹھایا ہوا ہے ۔ انہوں نے کرپشن کیلئے اداروں کو تباہ کردیا ہے ۔ کرپشن کی خاطر اداروں میں کرپٹ افراد کو بٹھایا نوازشریف جعلسازی کو غلط سمجھ ہی نہیں رہے ۔ عمران خان نے کہا کہ ابھی تو اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کی بات چل رہی ہے ۔ دیکھنا ہے ابھی نمبر پورے ہوتے ہیں یا نہیں ۔ دونوں پارٹیوں کا آپس میں ملک مکا ہے دونوں ملی ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس الیکشن کمیشن پر اعتماد ہی نہیں ۔ چیئرمین نیب نے آصف زرداری کو بچالیا ۔ ہم چاہتے ہیں نیب اور الیکشن کمیشن کے سربراہان غیر جانبدار ہوں ۔

تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ یہ اب جو چاہیں کرلیں ان کا دور ختم ہوچکا ہے ۔ 2013میں تیاری نہیں تھی اب تیاری کے ساتھ الیکشن میں جائیں گے اور اکثریت سے جیتیں گے ۔ عمران خان نے کہا کہ ان کو شرم نہیں آتی الیکشن کیلئے زکوة کا پیسہ استعمال کرتے ہیں ۔ انہوں نے نجم سیٹھی جیسے آدمی کو کرکٹ پکڑوادی جو کرکٹ کی الف ب ہی نہیں جانتا ۔ عطاالحق قاسمی جیسے اپنے بندے کو پی ٹی وی میں بٹھادیا ۔

عمران خان نے کہا کہ مجھے کیس میں کوئی فرقہ وارانہ رنگ نظر نہیں آیا یہ سب اپنے آپ کو بچانے کیلئے بہانے بنا رہے ہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ ڈان لیکس کے پیچھے مریم نوازکا ہاتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں آر اوز ان کے ساتھ ملے ہوئے تھے ۔ ادارے ان کے قابو میں نہیں آئے تو سازش نظر آنے لگی ۔