حج آپریشن کے بارے میں وزارت آئی ٹی کا  اہم فیصلہ، مکمل ڈیجیٹلائزڈ کیاجائے گا

حج آپریشن کے بارے میں وزارت آئی ٹی کا  اہم فیصلہ، مکمل ڈیجیٹلائزڈ کیاجائے گا

اسلام آباد : حج آپریشن کے بارے میں وزارت آئی ٹی نے اہم فیصلہ کیا ہے۔  وزارت آئی ٹی نے فیصلہ کیا ہےکہ  حج آپریشن  کو مکمل ڈیجیٹلائز کیاجائے گا۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے تعاون سے آئندہ سال کا حج آپریشن مکمل طور پر ڈیجیٹلائزڈ کیا جائے گا تاکہ عازمین اور حجاج کرام کو تمام امور سے بروقت آگاہی ہو اور کسی بھی قسم کی شکایات کا اندراج اور اس کا فوری ازالہ کیا جاسکےگا۔یہ فیصلہ وزیرِ اعظم کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔


اس اجلاس کی صدرات نگران وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے کی جبکہ شریک چیئرمین وزیر مذہبی امور انیق احمد بھی اجلاس میں شریک تھے۔اجلاس کے دوران حکام نے حج آپریشن میں اب تک استعمال ہونے والے سسٹم کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

نگران وزیرآئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے اس موقع پر کہا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایت کے مطابق عازمین حج کی سہولت و آگاہی کے لیے موبائل ایپلی کیشن، ویب پورٹل کی تیاری کی جائے گی تاکہ مناسکِ حج سے متعلق سہولتوں اور شکایات کے انداراج کو ڈیجیٹلائزڈ کیا جا سکے۔ 


انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم کے ذریعے عازمین اور حجاج کرام حج آپریشن اور سہولتوں سے متعلق اپنا فیڈ بیک ڈیجیٹلی طور پر دے سکیں گے۔

ڈاکٹر عمر سیف نے ڈیجیٹلائزیشن کا عمل مکمل ہونے تک حج آپریشن کے موجودہ سسٹم کو فوری اپ گریڈ کرنے اور اس کی خامیاں دور کرنےکی ہدایت کی اور چیف ایگزیکٹیو نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو ہدایت کی کہ ایکسپرٹ ٹیم وزارتِ حج میں تعینات کی جائے جو سسٹم کی نگرانی کر سکے۔

قبل ازیں کمیٹی کے شریک چیئرمین نگراں وزیرِ مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ حج آپریشن سے متعلق موجودہ سسٹم کو اپ گریڈ کرنےکی ضرورت ہے، چاہتے ہیں کہ وزارت آئی ٹی اس ضمن میں تکنیکی اور ماہرانہ معاونت فراہم کرے۔

مصنف کے بارے میں