کیلیفورنیا: معروف میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے اسٹیٹس شیئرنگ سے متعلق کئی نئے فیچرز متعارف کروائے ہیں، جن کا مقصد مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے درمیان ربط کو مزید سہل بنانا ہے۔
نئی اپ ڈیٹ میں اسٹیٹس کا لے آؤٹ بدلا گیا ہے، جس میں ویو کاؤنٹ کو اسکرین کے بائیں طرف منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ تبدیلی ظاہری طور پر انسٹاگرام اسٹوریز سے متاثر دکھائی دیتی ہے۔
مزید برآں، اسٹیٹس اسکرین پر دو نئے بٹن بھی شامل کیے گئے ہیں، جن کی مدد سے صارفین اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس کو براہ راست فیس بک یا انسٹاگرام پر شیئر کر سکیں گے۔ یہ سہولت نہ صرف تصویری یا ویڈیو اسٹیٹس بلکہ ٹیکسٹ پر مبنی اسٹیٹس کے لیے بھی دستیاب ہے۔
واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ ان بٹنز کا استعمال کرنے کے لیے صارفین کو اپنا واٹس ایپ اکاؤنٹ میٹا کے اکاؤنٹ سینٹر سے منسلک کرنا ہوگا، تاہم یہ فیچر اختیاری ہے، اور صارفین جب چاہیں اسے فعال یا غیر فعال کر سکتے ہیں۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ اکاؤنٹ لنک کرنے یا نہ کرنے سے صارفین کی رازداری یا سیکیورٹی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، کیونکہ واٹس ایپ پر ہونے والی تمام کالز اور پیغامات بدستور اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے تحت محفوظ رہیں گے۔
فی الحال یہ فیچر صرف اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن استعمال کرنے والے افراد کے لیے دستیاب ہے، جبکہ مستقبل قریب میں اسے دیگر صارفین کے لیے بھی متعارف کروا دیا جائے گا۔