کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی وجہ سے پورا اسلام آباد محاصرے میں رہا اور احتجاج کے دوران شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق پیپلزپارٹی نے بھی مختلف ادوار میں احتجاج کیے، تاہم کبھی سڑکیں بند کرکے یا دھرنے دے کر عوام کو تنگ نہیں کیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ کنٹینرز لگانے اور ہٹانے پر کروڑوں روپے خرچ ہوئے ہوں گے، جو عوام کے پیسے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت ہے اور سیاسی جماعتوں کو جلسے کرنے کا حق حاصل ہے، تاہم احتجاج کے دوران عوام کو تکلیف نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت بھی گرفتار ہوئی، لیکن پارٹی نے کبھی جلاؤ گھیراؤ کا راستہ اختیار نہیں کیا۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ میں کسی کو فتنہ و فساد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔