نیویارک : امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ بھارت پاکستان پر حملے کے لیے کیس تیار کر رہا ہے، مگر بھارتی حکام ابھی تک پہلگام واقعے سے متعلق کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کر سکے۔ اخبار کے مطابق، بھارت نے اس واقعے کے بعد 100 سے زائد غیر ملکی سفارتکاروں کو وزارت خارجہ بلا کر بریفنگ دی، جس میں بھارت نے کہا کہ ان کی تحقیقات جاری ہیں اور پہلگام واقعے کے ذمہ داروں کے چہروں کی شناخت اور تکنیکی انٹیلی جنس کے بارے میں مختصر معلومات فراہم کیں۔
تاہم، تجزیہ کاروں اور سفارتکاروں کے مطابق اس بریفنگ میں بھارت کسی بھی ٹھوس ثبوت کو پیش کرنے میں ناکام رہا۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق، ابھی تک بھارت کی جانب سے ٹھوس شواہد کی عدم فراہمی سے دو امکانات پیدا ہو رہے ہیں ، ایک یہ کہ بھارت کو معلومات جمع کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے، اور دوسرا یہ کہ بھارت اپنے روایتی دشمن پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کے لیے کیس تیار کر رہا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جن سفارتکاروں نے اس بریفنگ سے آگاہ کیا، ان کے مطابق بھارت بظاہر اپنے ہمسایہ ملک کے خلاف ایک فوجی کارروائی کی تیاری کر رہا ہے۔