Get Alerts

آبنائے ہرمز کی بندش عالمی امن کیلئے خطرہ، پاکستان کا ’ڈائیلاگ اور ڈپلومیسی‘ پر زور

آبنائے ہرمز کی بندش عالمی امن کیلئے خطرہ، پاکستان کا ’ڈائیلاگ اور ڈپلومیسی‘ پر زور

اقوام متحدہ/نیویارک: پاکستان نے آبنائے ہرمز کی بندش پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمی معیشت اور ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے واضح کیا کہ اس اہم گزرگاہ کی بندش سے تیل اور اشیائے ضروریہ کی عالمی ترسیل بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کو بتایا کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت کی شہ رگ ہے۔ گزرگاہ کی بندش سے نہ صرف تیل کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے بلکہ اشیائے ضروریہ کی سپلائی لائن بھی متاثر ہو رہی ہے، جس کا سب سے زیادہ اثر ترقی پذیر ممالک پر پڑے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اس حساس خطے میں کشیدگی عالمی امن و استحکام کو داؤ پر لگا سکتی ہے۔عاصم افتخار نے خطاب میں پاکستان کی خارجہ پالیسی کا رخ واضح کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد موجودہ بحران کے حل کے لیے "ڈائیلاگ اور ڈپلومیسی" (مذاکرات اور سفارت کاری) کی حکمت عملی پر سختی سے یقین رکھتا ہے۔    پاکستان، امریکہ اور ایران کے درمیان معاملات کو ٹھنڈا کرنے اور خطے میں استحکام لانے کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ اس بحران کے سفارتی حل کے لیے پاکستان چین، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر جیسے برادر ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ ایک مشترکہ حکمت عملی اپنائی جا سکے۔

ٹیگز: