لاہور: الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے مارکیٹنگ اور اشتہارات کی دنیا کا معتبر ترین عالمی اعزاز ایفی ایوارڈ (Effie Award) 2026 اپنے نام کر کے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کر دیا ہے۔ الخدمت کو یہ سلور ایوارڈ انسانی امدادی مہم "ہمت رکھو ہم ساتھ کھڑے ہیں" پر دیا گیا ہے۔
الخدمت فاؤنڈیشن کو یہ ایوارڈ "کرائسز ریسپانس/کریٹیکل پیوٹ نان پرافٹ آرگنائزیشنز" کی کیٹیگری میں دیا گیا۔ یہ اعزاز مہم کی مؤثر حکمت عملی، بروقت عمل درآمد اور اس کے نتیجے میں برآمد ہونے والے قابلِ پیمائش مثبت اثرات کے اعتراف میں پیش کیا گیا ہے۔ ایفی ایوارڈز کو عالمی سطح پر مارکیٹنگ کی تاثیر کا سب سے معتبر معیار سمجھا جاتا ہے، جہاں تخلیقی کام کے ساتھ ساتھ حقیقی نتائج کو بھی جانچا جاتا ہے۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے چیف مارکیٹنگ آفیسر، محمد عمیر ادریس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ایک پُروقار تقریب میں یہ عالمی اعزاز وصول کیا۔سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن، سید وقاص جعفری نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ صرف میڈیا ٹیم کی جیت نہیں، بلکہ الخدمت کے ہزاروں رضاکاروں اور لاکھوں ڈونرز کی مشترکہ کامیابی ہے۔ یہ ایوارڈ اس حقیقت کا اعتراف ہے کہ الخدمت نے مشکل ترین حالات میں ضرورت مندوں تک فوری رسائی اور مربوط امداد کے ذریعے ایک نمایاں کردار ادا کیا ہے۔"
سید وقاص جعفری نے مزید کہا کہ یہ اعزاز بین الاقوامی سطح پر الخدمت فاؤنڈیشن کی ساکھ اور عوامی اعتماد کو مزید مستحکم کرے گا۔ انہوں نے اسے ایک بڑی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے عزم دہرایا کہ انسانیت کی خدمت کے مشن کو مزید مؤثر اور وسیع پیمانے پر جاری رکھا جائے گا، کیونکہ پاکستانی تنظیمیں عالمی معیار کی کارکردگی دکھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔