مقبوضہ کشمیر کی آزادی صلب کرنے کیخلاف درخواست بھارتی سپریم کورٹ میں منظور

مقبوضہ کشمیر کی آزادی صلب کرنے کیخلاف درخواست بھارتی سپریم کورٹ میں منظور
کیپشن: image by twitter

نئی دہلی : بھارت کی سپریم کورٹ نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور آرٹیکل 370 کی منسوخی کے متعلق درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی ہے۔

بھارتی سپریم کورٹ میں دو متفرق درخواستیں دائر کی گئی تھیں جن میں ایک درخواست میڈیا پر پابندی سے متعلق بھی شامل ہے ، عدالت نے تمام درخواستوں کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے وفاق کو نوٹسز بھی جاری کر دیئے جبکہ کیس کی سماعت پانچ رکنی بینچ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں کرے گا ۔

علاوہ ازیں عدالت نے مقبوضہ کشمیر میں میڈیا کوریج پر عائد پابندی سے متعلق بھی وفاق کو نوٹس جاری کیا , خیال رہے کہ بھارتی حکومت کے غیرقانونی اقدام کے بعد کشمیر سے متعلق چودہ درخواستیں مختلف سیاست دانوں اور سماجی کارکنان کی جانب سے دائر کی گئی تھیں جن میں شاہ فیصل ، شہلا راشد ، سیتا رام یچرے اور ایم ایل شرما وغیرہ شامل ہیں ۔

درخواست گزاروں نے بھارتی حکومت کے آئین کے آرٹیکل 370 کی منسوخی کو غیرقانونی قرار دیا جبکہ کشمیر میں نافذ مسلسل کرفیو اور وادی کی صورتحال بہتر بنانے کی بھی استدعا کی ۔

مذکورہ درخواستوں کی منظوری کے لیے چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی سربراہی میں بینچ نے سماعت کی جنھوں نے ان کیسز کو عدالت عظیم کے پانچ رکنی بینچ کو سونپ دیا ۔