لاہور: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار ملزم شیر شاہ کے جسمانی ریمانڈ کی پولیس کی استدعا مسترد کرتے ہوئے اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے تھانہ سرور روڈ پولیس کی جانب سے شیر شاہ کے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے ریمارکس دیے کہ پولیس کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کے لیے مطلوبہ جواز فراہم نہیں کیا گیا، لہٰذا ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ شیر شاہ، سابق وزیراعظم عمران خان کی قریبی ساتھی علیمہ خان کے بیٹے ہیں، اور ان پر 9 مئی کے جناح ہاؤس حملے میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ لاہور کے تھانہ سرور روڈ میں ان کے خلاف مقدمہ درج ہے۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ شیر شاہ کی ضمانت کی درخواست آج یا کل دائر کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ علیمہ خان پہلے ہی واضح کر چکی ہیں کہ ہمارا کوئی ذاتی اختلاف نہیں، آپس میں بہن بھائی کا رشتہ ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات بانی پی ٹی آئی کا بائیکاٹ کا فیصلہ تھا، کیونکہ یہ "مصنوعی الیکشن" ہیں جن کے ذریعے "مصنوعی اسمبلی" کو جواز دیا جا رہا ہے۔