یواے ای کا حکمران خاندان دنیا کا امیر ترین خاندان بن گیا، اثاثے 305 ارب ڈالر سے زائد 

یواے ای کا حکمران خاندان دنیا کا امیر ترین خاندان بن گیا، اثاثے 305 ارب ڈالر سے زائد 

ابوظہبی : دنیا کے25 امیر ترین خاندانوں کےلئے سال2023 شاندار رہا ہے۔ ابوظہبی کے حکمران خاندان نے دولت مندی میں دنیا کے تمام خاندانوں کو پیچھے چھوڑ دیا ، یو اے ای کا حکمران خاندان النہیان 861 کھرب 63 ارب روپے( 305ارب ڈالر) کے ساتھ سرفہرست رہا ۔ان کی دولت میں1.5 کھرب ڈالر اضافہ ہوا۔

امریکی نشریاتی ادارے "بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے سرفہرست25امیر ترین خاندانوں میں ابوظہبی کا حکمران خاندان امریکا کے والٹن خاندان کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کا امیر ترین خاندان بن گیا ہے ۔پانچ سال میں یہ پہلا موقع ہے کہ والمارٹ کے وارثوں کے علاوہ کوئی اور خاندان دنیا کا امیر ترین خاندان بنا۔

رپورٹ کے مطابق سرفہرست یو اے ای کے حکمران خاندان النہیان جن کی دولت305ارب ڈالر ہے ، دوسرے نمبر پرامریکا کا والٹن خاندان جن کی دولت 259عشاریہ7ارب ڈالر، تیسرے پر فرانسیسی لگژری فیشن ہاؤس ہرمیس کے مالکان جن کی دولت 150 عشاریہ9ارب ڈالر، پالتو جانوروں کی پراڈکٹ کے حوالے سے مشہورامریکی خاندان مارس چوتھے پرجن کی دولت141عشاریہ9ارب ڈالر اور پانچویں پر قطر کے شاہی خاندان الثانی کے مجموعی اثاثوں کی مالیت لگ بھگ 133ارب ڈالرہے۔

امریکی کوچ انڈسٹریز کے مالکان کوچ 127عشاریہ3 ارب ڈالر کے ساتھ چھٹے، سعودی عرب کا شاہی خاندان السعود112ارب ڈالر کے ساتھ ساتویں نمبر پر، آٹھویں پر بھارت کے ریلائنس انڈسریز کے مالکان امبانی خاندان کی دولت89عشاریہ9ارب ڈالر، نویں پر فرانس کے لگژری فیشن ہاؤس چینل کے مالکان ورتھیمرخاندان کی دولت 89عشاریہ6ارب ڈالر اور دسویں پر کینیڈا کے میڈیا ہاؤس تھامس رائٹر کے مالکان رائٹر کی دولت71عشاریہ 1ارب ڈالر ہے۔

رپورٹ کے مطابق امیر ترین خاندانوں میں امریکا کے آٹھ، فرانس کے چار، جرمنی کے تین جب کہ متحدہ عرب امارات، قطر، سعودی عرب، بھارت، کینیڈا، سویٹزرلینڈ، بلجیم، انڈونیشیا، اٹلی اورہانک کانگ کا ایک ایک خاندان شامل ہیں۔

پہلی بار ہاؤس آف نہیان بلومبرگ کی خاندانی دولت مندی کی سالانہ درجہ بندی میں شامل ہوا ہے،متحدہ عرب امارات پر مشتمل سات امارات میں سے ایک، ابوظہبی ملک کا دارالحکومت ہے اور جہاں اس کے تیل کے ذخائر کی اکثریت پائی جاتی ہے۔ حکمران النہیان خاندان کئی دہائیوں سے اس کے صدر اور برطانیہ کے فٹ بال کلب مانچسٹر سٹی کے مالکان ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں