تحریک عدم اعتماد پر آپ کس کو ووٹ دیں گے؟جواب آگیا 

تحریک عدم اعتماد پر آپ کس کو ووٹ دیں گے؟جواب آگیا 

لاہور:شہباز شریف ،آصف زرداری ،مولانا فضل الرحمن کے بعد امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی بھی چوہدری شجاعت حسین سے اہم ملاقات ہو ئی جس میں سراج الحق نے چوہدری شجاعت حسین کو نئے انتخابات کی بھی تجویز دی ۔

تفصیلات کے مطابق ملک کی بدلتی سیاسی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے جہاں اپوزیشن رہنما تحریک عدم اعتماد کیلئے ایک جگہ اکھٹے ہو رہے ہیں وہیں ایسے میں امیر جماعت اسلامی بھی چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کیلئے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے ،حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ ( ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے حزب اختلاف کی جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

چوہدری شجاعت حسین سے سراج الحق کی ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی ،اس موقع پر پرویز الہٰی موجود نہ تھے ،ذرائع کے مطابق دوران گفتگو چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ہم نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے 3 سوال پوچھے ہیں، ہمیں اُن کے جواب کا انتظار ہے۔

ملاقات میں جہاں امیر جماعت اسلامی سراج الحق پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ سے ان کا تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے موقف لینے آئے تھے لیکن چوہدری شجاعت نے اس وقت سراج الحق کو چونکا دیا جب انہوں نے سراج الحق سے ہی پوچھ لیا کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر آپ کس کو ووٹ دینگے ؟

اچانک چوہدری شجاعت حسین کے سوال کے جواب میں سراج الحق نے کہا کہ ہم ووٹ دینے کے حوالے سے دیکھو اور انتظار کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں ،سراج الحق نے ق لیگی سربراہ سے کہا کہ فریش مینڈیٹ ہی عوامی مسائل کا حل ہے، افغانستان اور فلسطین کے حوالے سے آپ کو قیادت کرنی چاہیے۔