لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے لیے مقامی کھلاڑیوں کی نئی کیٹیگریز کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں 89 مقامی کھلاڑیوں کو کارکردگی کی بنیاد پر 5 مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔اس سال کیٹیگریز میں سب سے نمایاں تبدیلی صاحبزادہ فرحان کی دیکھنے میں آئی ہے، جنہوں نے اپنی شاندار فارم کی بدولت گولڈ سے براہ راست پلاٹینم کیٹیگری میں جگہ بنا لی ہے۔
ان کے علاوہ مزید چار کھلاڑیوں سلمان علی آغا، حسن علی، محمد نواز اور ابرار احمد کو ڈائمنڈ سے ترقی دے کر پلاٹینم کیٹیگری کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ کے مایہ ناز کھلاڑیوں نے اس سال بھی پلاٹینم کیٹیگری میں اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ ان کھلاڑیوں میں بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان، فخر زمان، صائم ایوب، نسیم شاہ، حارث رؤف اور شاداب خان شامل ہیں۔
پلاٹینم کیٹیگری میں اب مجموعی طور پر 16 کھلاڑی شامل ہو گئے ہیں۔ پی سی بی کے مطابق کھلاڑیوں کی اس درجہ بندی میں گزشتہ سیزن کی کارکردگی اور موجودہ فارم کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ اب تمام فرنچائزز ان نئی کیٹیگریز کی روشنی میں اپنی ریٹینشن (کھلاڑی برقرار رکھنے) کی فہرستوں کو حتمی شکل دیں گی۔