Get Alerts

کراچی: سی ٹی ڈی کی کارروائی ،فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے 3 دہشت گرد ہلاک

کراچی: سی ٹی ڈی کی کارروائی ،فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے 3 دہشت گرد ہلاک

کراچی : کراچی میں سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ) اور حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی میں تین دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ کارروائی کا آغاز منگھو پیر کے علاقے میں اس وقت ہوا جب سی ٹی ڈی کو کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی۔ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر، اداروں نے ایک گھر پر چھاپہ مارا، جس کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

سی ٹی ڈی کے انچارج، راجہ عمر خطاب کے مطابق، دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تھا اور وہ غیر ملکی شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔ فائرنگ کے دوران تین دہشت گرد موقع پر ہلاک ہوگئے، جن میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا۔ مارے گئے دہشت گردوں کے پاس سے کلاشنکوف، پستول، گرنیڈ، خودکش جیکٹس اور ایک ڈائری برآمد ہوئی ہے، جس میں ممکنہ ٹارگٹس کے نام درج تھے۔

راجہ عمر خطاب نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت زعفران اور قدرت اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جن میں سے زعفران کے سر کی قیمت حکومت نے دو کروڑ روپے مقرر کر رکھی تھی۔ ایک دہشت گرد کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی ہے۔

مارے گئے دہشت گرد کچھ عرصہ قبل افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوئے تھے۔ ہلاک دہشت گردوں کی نعشوں کو ضروری کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ٹیگز: