Get Alerts

مون سون کا پانچواں اسپیل آج سے شروع ،گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

 مون سون کا پانچواں اسپیل آج سے شروع ،گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

لاہور: پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا پانچواں سلسلہ آج سے شروع ہونے والا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق اس اسپیل کے دوران کئی شہروں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے، جو 31 جولائی تک جاری رہے گا۔

آج شام سے بارشوں کا آغاز لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ میں ہوگا، جبکہ فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا، ڈی جی خان، بہاولپور، بہاولنگر اور ملتان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ادھر خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، تاہم پشاور اور دیگر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

ادھر بارشوں کے باعث ملک بھر میں حادثات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مختلف واقعات میں 8 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوئے۔ حالیہ مون سون کے دوران اب تک 279 ہلاکتیں اور 676 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

پی ڈی ایم اے اور متعلقہ اداروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد ممکنہ خطرات سے آگاہ رہیں۔

ٹیگز: