لاہور: سٹیٹ بینک کی طرف سے مانیٹری پالیسی کے اعلان سے پہلے، یونائیٹڈ بزنس گروپ کے ایس ایم تنویر نے سود کی شرح میں نمایاں کمی کر کے اسے سنگل ڈیجیٹ یعنی 6 فیصد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایس ایم تنویر کا کہنا ہے کہ سود کی شرح کم کرنے سے معیشت کو فروغ ملے گا، صنعتیں ترقی کریں گی، برآمدات کی مسابقت میں اضافہ ہوگا اور حکومت کو 3.5 کھرب روپے کی بچت ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ 11 فیصد شرح سود، مہنگائی کی 4 فیصد شرح اور سی پی آئی 0.3 فیصد کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔
یہ مطالبہ سٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس سے قبل کیا گیا ہے جو 30 جولائی کو ہوگا۔ ماہرین سود کی شرح میں معمولی کمی کی توقع کر رہے ہیں، لیکن تنویر سود کی شرح کو زیادہ کم کرنے کا کہہ رہے ہیں تاکہ ملک کی معیشت مستحکم ہو سکے۔