Get Alerts

سینیٹر شیری رحمان کا سابق بھارتی وزیر داخلہ چدمبرم کے پہلگام واقعہ کے حوالے سے بیان پر ردعمل

سینیٹر شیری رحمان کا سابق بھارتی وزیر داخلہ چدمبرم کے پہلگام واقعہ کے حوالے سے بیان پر ردعمل

اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے سابق بھارتی وزیر داخلہ چدمبرم کے پہلگام واقعہ کے حوالے سے بیان پر گہرا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلگام واقعے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ چدمبرم نے مودی حکومت کو آئینہ دکھا دیا ہے اور ان کا بیان بھارت کی طرف سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو جھوٹا ثابت کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت حملہ آوروں کی اصل شناخت چھپا رہی ہے کیونکہ وہ بھارتی شہری ہی تھے۔

سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان نے اس معاملے پر بھارت کو آزادانہ اور شفاف تحقیقات کی پیشکش کر رکھی ہے، لیکن بھارتی حکومت کو شفاف تحقیقات سے خوف ہے کیونکہ سچ سامنے آ جائے گا۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے بھی کہا کہ وہ 27 مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ سیزفائر میں ان کا کلیدی کردار تھا، مگر مودی حکومت اسے مسلسل جھٹلاتی رہی ہے۔

شیری رحمان نے مودی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی میں ہمت نہیں کہ وہ ٹرمپ کے بیانات کو جھٹلائے، اور کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا حامی ہے، جب کہ بھارت صرف الزام تراشیوں کی سیاست پر قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایس سی او اجلاس میں بھارت کی تنہائی اس کے جھوٹے بیانیے کی شکست ہے اور پہلگام حملہ بھارتی ریاستی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت کو پاکستان پر الزام لگانے کی بجائے اپنی اندرونی ناکامیوں کا جائزہ لینا چاہیے۔

سینیٹر نے مزید کہا کہ بھارت کو جنگ اور سفارتی محاذ کے بعد کھیل کے میدان میں بھی ہزیمت کا سامنا ہے۔ انہوں نے لیجنڈز کرکٹ لیگ کے حوالے سے بتایا کہ بھارتی ٹیم نے پاکستان سے کھیلنے سے انکار کیا اور اس کے 4 میچز میں سے کوئی بھی جیتا نہیں، جبکہ پاکستان ناقابل شکست رہتے ہوئے دوسری پوزیشن پر ہے۔

ٹیگز: