پاکستانی طیارہ بھارتی علاقے میں پرواز کرتا رہا

پاکستانی طیارہ بھارتی علاقے میں پرواز کرتا رہا
سورس: file photo

کراچی: پاکستانی طیارہ بھارتی حدود میں پرواز کرتا رہا ، پائلٹ ایسا نہ کرتا تو خراب موسم کی وجہ سے طیارے کو کسی حادثے کا سامنا کرنا پڑسکتا تھا ۔

ذرائع کے مطابق  چند روز قبل قومی ایئرلائن کی کراچی سے لاہور جانے والی پرواز پی کے 306 نے مختصر وقت کے لیے بھارتی حدود استعمال کی۔ جس وقت جہاز لاہور کے قریب پہنچا تو اس وقت جہاز کے اپنے مقررہ روٹ پر سفر جاری رکھنے کے لیے موسم سازگار نہیں تھا۔

 غیرمعمولی موسمی حالات کے پیش نظر اور مسافروں کی قیمتی جانوں کے تحفظ کی وجہ سے قوانین کے تحت جہاز کے عملے کو بھارتی حدود کا استعمال ناگزیر ہوگیا تھا۔

ذرائع کے مطابق پرواز کو بغیر بھارتی حدود استعمال کیے ایک متبادل راستہ بلوچستان کے ذریعے پشاور ائرپورٹ پر لینڈنگ کے بھی موجود تھا تاہم اس میں راستے کی طوالت کے پیش نظر اضافی ایندھن کی ضرورت تھی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق دوران پرواز جہاز کے کپتان نے لاہور اور دہلی ایئر ٹریفک کنٹرول سے کلیئرنس حاصل کی جبکہ دونوں ممالک کے مابین موجود ہاٹ لائن پر مبنی ایلفا کنٹرول، ائرڈیفنس کلیئرنس بھی موجودتھی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ائر لائن کا جہاز پیشگی اطلاع کے بعد 8 منٹ تک بھارتی فضائی حدود میں رہا، جہاز کو بھارتی حدود سے گزار کر اسلام آباد ائرپورٹ پر اتارا گیا۔

ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق خراب موسم یا ایمرجنسی میں انٹرنیشنل قوانین کے تحت پرواز کسی بھی ملک کی طرف موڑی جا سکتی ہے، ایمرجنسی میں بین الاقوامی ایوی ایشن آرگنائزیشن رکن ممالک پر معاہدوں کی  پاس داری لازم ہے۔