Get Alerts

ارتھ آور 2026: صدر آصف زرداری کی قوم سے ایک گھنٹہ روشنیاں بند کرنے کی اپیل، موسمیاتی تبدیلیوں پر تشویش کا اظہار

ارتھ آور 2026: صدر آصف زرداری کی قوم سے ایک گھنٹہ روشنیاں بند کرنے کی اپیل، موسمیاتی تبدیلیوں پر تشویش کا اظہار

اسلام آباد : صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے 'ارتھ آور' کے عالمی موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آج رات ایک گھنٹے کے لیے غیر ضروری روشنیاں بند کر کے کرہ ارض کے تحفظ کے عالمی عزم میں شریک ہوں۔ صدرِ مملکت نے واضح کیا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، اس لیے اجتماعی بچت اور احتیاط اب ناگزیر ہو چکی ہے۔
صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں ملک کو درپیش ماحولیاتی خطرات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا پاکستان کو حالیہ برسوں میں غیر معمولی سیلاب، گرمی کی لہروں (Heatwaves) اور خشک سالی جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا رہا ہے۔
زراعت اور کسان: بدلتے ہوئے موسمی پیٹرن کے باعث کسان غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں، جس سے ملکی معیشت اور غذائی تحفظ متاثر ہو رہا ہے۔
عالمی ذمہ داری: پاکستان کا عالمی سطح پر زہریلی گیسوں کے اخراج میں حصہ 1 فیصد سے بھی کم ہے، لیکن خطرات کے لحاظ سے ہم صفِ اول میں کھڑے ہیں۔
صدرِ مملکت نے پیرس معاہدے کے اہداف پر عملدرآمد کے حوالے سے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا. پاکستان روایتی ایندھن کے بجائے ماحول دوست اور صاف توانائی کی جانب منتقلی کے لیے کوشاں ہے۔'گرین پاکستان پروگرام' کے تحت جنگلات کے رقبے میں اضافہ کیا جا رہا ہے جس سے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔
صدر زرداری نے "Give an Hour for Earth" کے عنوان کے تحت عوام کو اپنے طرزِ زندگی پر غور کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ ایک گھنٹے کے لیے روشنیاں بند کرنا محض ایک علامتی عمل نہیں بلکہ یہ عملی ماحولیاتی اقدامات کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے ہر شہری سے توانائی بچانے اور ماحول دوست عادات اپنانے کی اپیل کی۔

ٹیگز: