Get Alerts

پی ایس ایل 11: ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

پی ایس ایل 11: ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے چوتھے میچ میں ملتان سلطانز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے مات دے دی۔ یہ مقابلہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔ ٹیم کی جانب سے مارک چیپمین 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ سمیر منہاس نے 28 اور ڈیون کانوے اور فہیم اشرف نے 26، 26 رنز کی اننگز کھیلی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے مومن قمر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ محمد وسیم نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ محمد نواز، پیٹر سیڈل اور عرفات منہاس نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

172 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں کامیابی حاصل کر لی۔ جوش فلپے نے 55 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ کپتان ایشٹن ٹرنر 43 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ اسیٹو اسمتھ نے 31 رنز بنا کر اہم کردار ادا کیا، جبکہ آخر میں عرفات منہاس نے 23 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت یقینی بنائی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سلمان ارشاد اور شاداب خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ عماد وسیم ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد راولپنڈی پنڈیز کو شکست دی تھی۔

 
 

ٹیگز: