Get Alerts

یومِ تکبیر پر صدرِ مملکت، وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ کے قوم کے نام خصوصی پیغامات

یومِ تکبیر پر صدرِ مملکت، وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ کے قوم کے نام خصوصی پیغامات

اسلام آباد : یومِ تکبیر کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس دن کی اہمیت کو اجاگر کیا اور دفاعِ وطن کے حوالے سے قومی عزم کا اعادہ کیا۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت امن کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی طاقت کا حصول ایک دور اندیش اور دانشمندانہ فیصلہ تھا، جس کا مقصد خطے میں طاقت کا توازن قائم رکھنا اور امن کو یقینی بنانا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جنگ کا خواہاں نہیں بلکہ پرامن بقائے باہمی اور عالمی قوانین کے احترام کا حامی ہے۔ بھارتی جارحیت کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ تزویراتی تحمل اور امن کے عزم کا مظاہرہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یومِ تکبیر صرف ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کا دن نہیں بلکہ یہ پاکستان کے اتحاد، خودمختاری اور آزادی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کے اعلان کا دن ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم پاکستان کو ایک مضبوط معاشی قوت بنائیں گے اور دنیا میں اسے اُس کا جائز مقام دلوائیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کر کے دنیا کو باور کرایا کہ ہم ہر وقت دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہر پاکستانی کے لیے باعثِ فخر ہے اور سائنسدانوں، افواجِ پاکستان اور قیادت کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔

محسن نقوی نے عالمی دباؤ، معاشی پابندیوں اور خطرات کے باوجود 1998 میں ایٹمی دھماکوں کو جرات اور قومی حمیت کی مثال قرار دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 10 مئی کا سبق بھارت کو ہمیشہ یاد رہے گا، اور اب دشمن کسی بھی مہم جوئی سے قبل سو بار سوچے گا، کیونکہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت ناقابلِ تسخیر ہے۔

ٹیگز: