Get Alerts

ٹرمپ نے کینیڈا کو دفاعی سسٹم ’گولڈن ڈوم‘ کا حصہ بننے کیلئے پیشکش کر دی

ٹرمپ نے کینیڈا کو دفاعی سسٹم ’گولڈن ڈوم‘ کا حصہ بننے کیلئے پیشکش کر دی

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر کینیڈا کو امریکہ کا حصہ بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے دلچسپ پیشکش کر دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر کینیڈا امریکہ کی 51ویں ریاست بننے پر رضامند ہو جائے تو اسے نیا دفاعی میزائل نظام ’گولڈن ڈوم‘ مفت فراہم کیا جائے گا۔

صدر ٹرمپ نے یہ بات اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایک پوسٹ میں کہی، جہاں انہوں نے واضح کیا کہ اگر کینیڈا نے خودمختار ریاست کی حیثیت برقرار رکھی تو اُسے اس سسٹم کا حصہ بننے کے لیے 61 ارب ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔

یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ ان کی حکومت ایک 175 ارب ڈالر مالیت کے دفاعی منصوبے پر غور کر رہی ہے، لیکن ساتھ ہی واضح کیا کہ کینیڈا امریکہ میں ضم ہونے کے لیے تیار نہیں۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے حال ہی میں ’گولڈن ڈوم‘ نامی ایک جدید میزائل دفاعی نظام کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد امریکہ کو بیرونی حملوں سے محفوظ رکھنا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق یہ نظام ان کی دوسری صدارتی مدت کے اختتام تک مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔

ٹیگز: