Get Alerts

بھارت کی ماحولیاتی غفلت بے نقاب: زہریلے کیمیکلز سے بھرا جہاز بحرِ عرب میں ڈوب گیا

بھارت کی ماحولیاتی غفلت بے نقاب: زہریلے کیمیکلز سے بھرا جہاز بحرِ عرب میں ڈوب گیا

کیرالا : بھارت ایک بار پھر ماحول دشمن اور عالمی سطح پر غیر ذمہ دار ملک کے طور پر سامنے آیا ہے، جب بحرِ عرب میں زہریلے کیمیکلز اور تیل سے بھرا ایک مال بردار جہاز کیرالا کے قریب ڈوب گیا، جس سے سنگین ماحولیاتی بحران جنم لے چکا ہے۔

حادثے کے شکار جہاز پر 640 کنٹینرز موجود تھے، جن میں سے 13 کنٹینرز میں خطرناک زہریلے کیمیکلز بھرے ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ جہاز میں 84 ٹن ڈیزل اور 367 ٹن فرنس آئل بھی موجود تھا، جو سمندر میں پھیل کر آلودگی کا باعث بن رہا ہے۔

واقعے کے بعد نہ صرف سمندری حیات کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں بلکہ کیرالا کے ساحلی علاقوں میں بسنے والے لوگوں کی صحت بھی داؤ پر لگ گئی ہے۔ زہریلے مواد کے اخراج سے آبی حیات تباہ ہو رہی ہے جبکہ مقامی افراد کو سانس، جلد اور دیگر بیماریوں کا سامنا ہونے لگا ہے۔

ماحولیاتی ماہرین نے اس سانحے کو بھارتی حکومت کی مجرمانہ غفلت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارت کے پاس نہ کوئی ریسکیو پلان ہے اور نہ ہی ماحولیاتی حادثات سے نمٹنے کی صلاحیت۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ حادثے کے بعد بھارتی حکومت اور بحریہ مکمل خاموش تماشائی بنی رہی۔

بھارت کی نااہلی پر اندرون ملک اور بین الاقوامی سطح پر شدید تنقید ہو رہی ہے۔ کیرالا کے شہری، ماحولیاتی تنظیمیں اور ماہرین سراپا احتجاج ہیں اور مودی سرکار سے جواب طلب کر رہے ہیں کہ آخر ایسے نازک موقع پر بھی حکومت حرکت میں کیوں نہیں آئی۔

ٹیگز: