Get Alerts

سہ فریقی اجلاس : صدر آذربائیجان نے پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا

سہ فریقی اجلاس : صدر آذربائیجان نے پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا

لاچین : آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان مشترکہ تاریخ اور ثقافت میں بندھے ہوئے ہیں، اور تینوں ممالک مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مل کر آگے بڑھ رہے ہیں۔

لاچین میں پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے سہ فریقی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر الہام علیوف نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے منصوبوں کا جائزہ لے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2020 کی جنگ میں پاکستان اور ترکیہ نے آذربائیجان کی بھرپور حمایت کی، جسے وہ کبھی نہیں بھولیں گے۔

صدر علیوف نے مزید کہا کہ آذربائیجان پاکستان اور ترکیہ کے ساتھ دفاع، سیاحت اور دیگر شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں جو خطے میں استحکام کے لیے اہم ہیں۔

انہوں نے پاک بھارت کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان نے ہمیشہ پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی ہے، اور حالیہ تنازع میں بھی پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے آذربائیجان کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ ترکیہ، پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

رجب طیب اردوان نے پاک بھارت جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر پاکستانی قیادت کی مدبرانہ حکمت عملی کو سراہا۔ انہوں نے غزہ میں جاری مظالم کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ خطے کے امن کو تباہ کرنے والوں کے خلاف مل کر کھڑا ہونا ہوگا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آذربائیجان کی جانب سے سرمایہ کاری کا اعلان پاکستان کے لیے معاشی ترقی، روزگار کے مواقع اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

ٹیگز: