وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھ دیا

وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھ دیا
کیپشن: سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کرتارپور میں گورو دوارہ دربار صاحب کے قریب ہوئی،۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

نارووال: وزیراعظم عمران خان نے کرتار پور راہداری کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب میں بھارت کی نمائندگی یونین منسٹر ہرسیمرت کور بادل اور ہردیپ سنگھ پوری کررہے ہیں جبکہ نوجوت سنگھ بھی شریک ہیں۔مختلف ممالک کے سفارتکار اور عالمی مبصرین بھی شریک ہیں۔

سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کرتارپور میں گورو دوارہ دربار صاحب کے قریب ہوئی۔ تقریب کیلئے 20 فٹ چوڑا اور 60 فٹ لمبا سٹیج تیار کیا ۔ 4 ہزار کے قریب شرکا کے بیٹھنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ 3 سو سے زائد غیر ملکی اور دیگر خاص مہمانوں کے لیے صوفے لگائے گئے ہیں۔

3 ہیلی پیڈ بھی تیار کئے گئے ہیں اور تقریب کیلئے سکیورٹی کے انتظامات بھی فول پروف بنائے گئے ہیں۔ علاقے کی مانیٹرنگ اور سرچنگ کی گئی ۔ 40 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے سکیورٹی کنٹرول روم بنایا گیا۔ سکیورٹی پلان کو چیک کر نے کے لئے آئی جی امجد سلیمی نے بھی کرتار پور کا دورہ کیا۔

کرتارپور کوریڈور ڈیزائن سے متعلق معلوماتی بورڈ کے مطابق کرتارپور کوریڈور فیز1 میں ساڑھے چار کلو میٹر سڑک تعمیر کی جائے گی جبکہ بارڈر ٹرمینل کمپلیکس بھی تعمیر ہو گا۔

اس کے علاوہ کرتار پور کوریڈور میں دریائے راوی پر 800 میٹر پل، پارکنگ ایریا اور سیلاب سے بچاؤ کے لیے فلڈ پروٹیکشن بند بھی تعمیر ہو گا اور دوسرے فیز میں ہوٹل اور گوردوارہ کرتار صاحب کی توسیع کی جائے گی۔