Get Alerts

الجزائر اور جرمنی کے سفیروں کی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی پر بات چیت

الجزائر اور جرمنی کے سفیروں کی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی پر بات چیت

اسلام آباد: پاکستان میں الجزائر کے سفیر ابراہیم رومانی اور جرمنی کی سفیر انا لیپل نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور علاقائی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، الجزائر کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کے دوران پاکستان اور الجزائر کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے الجزائر کے وفد کی بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس میں فعال شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ الجزائر کی شمولیت پاکستان اور الجزائر کے مابین دیرینہ دوستی اور باہمی احترام کا عکاس ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی وفود کے تبادلوں، باہمی روابط بڑھانے اور اعلیٰ سطح پر تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ الجزائر کے سفیر نے الجزائر کی قیادت کا خصوصی پیغام چیئرمین سینیٹ تک پہنچایا اور الجزائر کی سینیٹ کے صدر کی جانب سے سید یوسف رضا گیلانی کو الجزائر کے دورے کی رسمی دعوت بھی دی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ الجزائر کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ کی قیادت اور ان کے وژن کو سراہا، خاص طور پر علاقائی امن، ترقی اور پارلیمانی روابط کو فروغ دینے میں ان کی کوششوں کو سراہا۔

بعد ازاں، جرمنی کی سفیر انا لیپل نے بھی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان مضبوط تعلقات کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی سفارتکاری، اقتصادی تعاون اور دفاعی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے جرمنی کے ساتھ ادارہ جاتی تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جرمنی کے لیے پارلیمانی فرینڈشپ گروپ پہلے ہی فعال ہے، اور تمام سیاسی جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ جرمنی کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے موسمیاتی تبدیلی کو دونوں ممالک کے لیے مشترکہ ترجیح قرار دیتے ہوئے کلائمیٹ اینڈ انرجی پارٹنرشپ کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے قابل تجدید توانائی اور گرین انرجی کے شعبوں میں موجود مواقع کی نشاندہی کی۔

چیئرمین سینیٹ نے فنی و پیشہ ورانہ تربیت میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر بھی بات کی، اور کہا کہ پاکستانی تربیت یافتہ نوجوان جرمنی کی لیبر مارکیٹ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

آخر میں، چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے حصول میں جرمنی کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور تجارتی شعبے میں مزید تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے جرمن کاروباری اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔
 
 

ٹیگز: