Get Alerts

ہانگ کانگ میں ہولناک آتشزدگی: 128 افراد ہلاک، 76 زخمی، 200 افراد لاپتہ

ہانگ کانگ میں ہولناک آتشزدگی: 128 افراد ہلاک، 76 زخمی، 200 افراد لاپتہ

ہانگ کانگ: ہانگ کانگ کے ایک کثیرالمنزلہ رہائشی کمپلیکس میں لگنے والی ہولناک آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 128 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے، جب کہ 76 افراد زخمی ہو گئے ہیں اور 200 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ہانگ کانگ کے فائر حکام نے بتایا کہ وہ جمعے تک متاثرہ علاقے میں تلاش اور ریسکیو کارروائیاں مکمل کرنے کی امید رکھتے ہیں۔ یہ آتشزدگی گزشتہ 80 برسوں میں ہانگ کانگ کی بدترین آگ قرار دی جا رہی ہے، جس نے ایک بڑے رہائشی کمپلیکس کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔

جمعے کی صبح تک فائر فائٹرز سلگتے ہوئے کمپلیکس میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ڈپٹی فائر سروسز ڈائریکٹر، ڈیریک چان نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کی ٹیم سات عمارتوں کے تمام یونٹس میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کرے گی تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

ہانگ کانگ کی انتظامیہ نے بتایا کہ آتشزدگی کے واقعے پر قابو پانے کے بعد 7 بلاکس میں آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، جبکہ دو کنسٹرکشن کمپنی کے ڈائریکٹرز اور ایک انجینئرنگ کنسلٹنٹ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق آگ کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابھی تک کوئی حتمی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔

تقریباً 700 افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں فوری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ آگ کے شکار کمپلیکس میں 8 بلاکس ہیں، ہر بلاک 31 منزلہ ہے اور ان میں تقریباً 2 ہزار اپارٹمنٹس اور 5 ہزار رہائشی مقیم تھے۔

گواہیاں اور متاثرہ افراد کی کہانیاں

ایک 52 سالہ خاتون این جی نے بتایا کہ ان کے بلاک میں آگ ابتدا میں معمولی تھی، مگر بروقت قابو نہ پانے کی وجہ سے آگ پھیل گئی اور یہ تباہی کا سبب بنی۔ "اگر چھوٹی آگ پر فوراً قابو پا لیا جاتا تو شاید اتنی بڑی تباہی نہ ہوتی، اب ہر چیز جل رہی ہے، اتنے لوگ مر گئے۔"

ہانگ کانگ کے حکام کا کہنا ہے کہ اس آگ کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا عمل جاری ہے اور تین افراد کو آگ لگانے کے شبے میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔ حکام نے کہا کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی اس سانحہ کے حوالے سے حتمی معلومات فراہم کی جائیں گی۔

ٹیگز: