جہانگیر ترین کا شاکر شجاع آبادی کیلئے وظیفے کا اعلان

جہانگیر ترین کا شاکر شجاع آبادی کیلئے وظیفے کا اعلان
کیپشن: جہانگیر ترین کا شاکر شجاع آبادی کیلئے وظیفے کا اعلان
سورس: فوٹو/سوشل میڈیا

ملتان: جہانگیر ترین نے مشہور شاعر شاکر شجاع آبادی کی نشتر اسپتال جا کر عیادت کی اور علاج کیلئے 5 لاکھ روپے کا چیک دیا۔

جہانگیر ترین نے شاکر شجاع آبادی کیلئے ماہانہ 50 ہزار روپے وظیفے کا اعلان بھی کیا۔ خیال رہے کہ شاکر شجاع آبادی کی طبیعت خراب ہونے پر موٹرسائیکل پر بٹھا کر حکیم کے پاس لے جانے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔

ان کے بیٹے ولید نے کہا تھا کہ ٹیکسی کے پیسے نہیں، اس لیے موٹر سائیکل پر ابا کو اسپتال لے گیا۔ ویڈیو وائرل ہونے پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہا تھا کہ پنجاب حکومت شاکر شجاع آبادی کے علاج کے اخراجات برداشت کرے گی۔

گزشتہ روز شاکر شجاع آبادی کی کسمپرسی کی حالت میں ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جس میں انہیں موٹر سائیکل پر سوار ہو کر ڈاکٹر کے پاس جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔

مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شاکر شجاع آبادی کے بیٹے ولید نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے پاس اور کوئی سواری نہیں تھی اور نہ ہی ان کے پاس کار یا ٹیکسی کے کرائے جتنے پیسے تھے اس لیے ان کے والد کو پٹھوں میں تکلیف کی شکایت کے بعد علاج کے لیے موٹر سائیکل پر لے جایا گیا۔

ولید شاکر شجاع آبادی نے بتایا کہ ایسا نہیں ہے کہ پہلی مرتبہ ان کے والد کو مذکورہ حالت میں لے جایا گیا ہو بلکہ اس سے قبل بھی انہیں علاج کے لیے ایسے ہی لے جایا جاتا رہا ہے، کیوں کہ ان کے پاس دوسری سواری نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے تصدیق کی کہ ان کے والد کو کوئی بڑی بیماری یا موذی مرض نہیں ہے بلکہ انہیں پیدائشی پٹھوں کی سوجن اور درد کی شکایت ہے اور زائد العمری کی وجہ سے ان کی تکلیف میں اضافہ ہوگیا ہے۔

ولید شاکر شجاع آبادی کے مطابق ان کے والد کے پٹھے پیدائش کے فوری بعد ہی ابنارمل ہوگئے تھے اور بڑھتی عمر کے ساتھ ان میں مزید مسائل پیدا ہو گئے لیکن اب زائد العمری کی وجہ سے ان کی تکلیف بڑھ چکی ہے۔

معروف سرائیکی شاعر کے بیٹے نے کہا کہ اگر انہیں کار یا ٹیکسی فراہم کی جائے تو وہ والد کو محفوظ اور آسان طریقے سے علاج و معالجے کے لیے ایک سے دوسری جگہ منتقل کر سکیں گے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ والد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سندھ اور پنجاب حکومت کے نمائندوں نے ان سے رابطہ کر کے انہیں والد کے علاج کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے۔