کراچی: شہر قائد میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے لیے شروع کیے گئے "ای چالان" سسٹم کے نفاذ کے بعد، صرف ابتدائی 6 گھنٹوں میں شہریوں پر سوا کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
ٹریفک پولیس کی جاری کردہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق، ان 6 گھنٹوں میں 2 ہزار 662 چالان جاری کیے گئے، جن میں سب سے زیادہ چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کے تھے، جن کی تعداد 1 ہزار 535 تھی۔ اس کے علاوہ ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے پر 507، ریڈ لائٹ کراس کرنے پر 166، اور اوور سپیڈنگ کی وجہ سے 419 چالان کیے گئے۔
دیگر اہم خلاف ورزیوں میں سٹاپ لائن کی خلاف ورزی کے 4، کالے شیشوں کے استعمال کے 7، غلط پارکنگ کے 5 اور موبائل فون کے استعمال پر 32 چالان شامل ہیں۔ غلط سمت (رانگ وے) پر ڈرائیونگ اور لین لائن کی خلاف ورزی کے باعث بالترتیب 3، 3 چالان کیے گئے۔
ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ شہریوں کو بار بار آگاہ کیا گیا تھا کہ ای چالان سسٹم کے ذریعے جدید کیمروں سے خلاف ورزیاں ریکارڈ کی جا رہی ہیں، لہذا انہیں ٹریفک قوانین کی پیروی کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ تاہم، خلاف ورزیوں کی بڑی تعداد نے شہریوں کی جانب سے بے پرواہی اور قوانین کی عدم پاسداری کو ظاہر کیا۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ای چالان سسٹم کو مزید علاقوں میں پھیلایا جا رہا ہے تاکہ بغیر رشوت اور انسانی مداخلت کے خودکار نظام کے تحت ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیٹ بیلٹ باندھنے، ہیلمٹ پہننے، موبائل فون کے استعمال سے گریز اور سگنل کی پابندی کریں تاکہ نہ صرف جرمانوں سے بچا جا سکے بلکہ سڑکوں پر حادثات کی شرح میں بھی کمی لائی جا سکے۔