Get Alerts

کسی بھی غیر ملکی کو پراپرٹی کرائے پر دینے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم

 کسی بھی غیر ملکی کو پراپرٹی کرائے پر دینے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم

لاہور: پنجاب حکومت نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں سمیت کسی بھی غیر ملکی کو پراپرٹی کرائے پر دینے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت امن و امان پر چھٹا اجلاس منعقد ہوا، جس میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی نشاندہی کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ مساجد میں اعلانات کرائے جائیں تاکہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کا سراغ لگایا جا سکے، جبکہ پٹواریوں، نمبرداروں اور ایس ایچ اوز کو غیر ملکیوں کو دی گئی پراپرٹی کی رپورٹ کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی شناخت کے لیے جدید ترین چہرہ شناسی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔

مذکورہ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی شخص کو افغان یا غیر ملکی کو پراپرٹی کرائے پر دینے کی صورت میں بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں، بے نامی اور مشکوک پراپرٹیز کے بارے میں بھی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کی جائے گی۔

اس کے علاوہ، وزٹ ویزہ یا غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہو کر ملازمت کرنے والے غیر ملکیوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں یہ بات سامنے آئی کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں افغان باشندوں کے لیے 45 ہولڈنگ سنٹر قائم کیے گئے ہیں اور ان کو قیام، طعام اور طورخم بارڈر تک ٹرانسپورٹ فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ غیر قانونی اسلحہ کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کیا جائے، اور سوشل میڈیا پر انتہا پسند جماعتوں کی حمایت کرنے والے ایکٹویسٹوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے۔

انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کارروائیاں شفاف اور ذمہ داری کے ساتھ کی جائیں تاکہ کسی بے گناہ کو نقصان نہ پہنچے۔

ٹیگز: