Get Alerts

نیتن یاہو کا اسرائیلی فوج کو غزہ میں فوری اور بھرپور فضائی و زمینی حملوں کا حکم

نیتن یاہو کا اسرائیلی فوج کو غزہ میں فوری اور بھرپور فضائی و زمینی حملوں کا حکم

یروشلم : اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نے غزہ میں حالیہ جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کو فوری اور بھرپور فضائی و زمینی حملے کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ حکم اس وقت جاری کیا گیا جب اسرائیلی حکومت نے الزام عائد کیا کہ حماس کی جانب سے جنوبی غزہ میں اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کیا گیا اور مغویوں کی لاشوں کی واپسی کے عمل میں بھی خلاف ورزیاں سامنے آئی ہیں۔

نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم نے اعلیٰ عسکری اور سیکیورٹی حکام کے ساتھ ہنگامی اجلاس کے بعد فیصلہ کیا کہ اسرائیل امن چاہتا ہے، مگر سلامتی کے خطرات کے سامنے خاموش نہیں رہ سکتا۔

عرب و مغربی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ “فوری اور طاقتور جوابی کارروائی” کرے، جس کے نتیجے میں غزہ میں ایک بار پھر بڑے پیمانے پر بمباری کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

جنگ بندی معاہدہ جو کہ رواں ماہ (اکتوبر 2025) کے اوائل میں طے پایا تھا، اس کے بعد سے کئی بار دونوں فریقین ایک دوسرے پر خلاف ورزیوں کے الزامات لگا چکے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو کا تازہ فیصلہ نہ صرف غزہ کی انسانی صورتحال کو مزید بگاڑ سکتا ہے بلکہ علاقائی امن عمل پر بھی منفی اثر ڈال سکتا ہے۔

ٹیگز: