Get Alerts

بھارت سرحد پار دہشت گردی میں ملوث ہے،پاکستان

بھارت سرحد پار دہشت گردی میں ملوث ہے،پاکستان

نیویارک :  اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کا پاکستان نے بھرپور اور مدلل جواب دیتے ہوئے بھارت کو خطے میں دہشتگردی، انسانی حقوق کی پامالی اور ریاستی جبر کا اصل ذمہ دار قرار دے دیا۔

پاکستانی وفد کی نمائندگی کرتے ہوئے سیکنڈ سیکرٹری محمد راشد نے بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک منظم پراکسی نیٹ ورک کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیاں کروا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد قربانیاں دی ہیں، جبکہ بھارت خود دہشتگرد عناصر کا سرپرست ہے۔

محمد راشد نے اپنے خطاب میں بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کشمیری عوام پر ریاستی جبر، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں، اور بلاجواز گرفتاریوں میں ملوث ہیں، اور ان مظالم کو انسدادِ دہشتگردی کا نام دے کر چھپایا جا رہا ہے۔

پاکستانی مندوب نے جنرل اسمبلی کو یاد دلایا کہ پاکستان کے پاس بھارت کے تخریبی عزائم کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں، جن میں حاضر سروس بھارتی نیوی افسر کلبھوشن یادیو کی گرفتاری سرفہرست ہے، جو پاکستان میں دہشتگردی اور جاسوسی کی کارروائیوں میں ملوث پایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ہر واقعے کے بعد بغیر تحقیق، ثبوت یا منطق کے فوری طور پر پاکستان پر الزام عائد کر دیتا ہے۔ حالیہ پہلگام واقعہ بھی اسی مہم کا حصہ ہے، جسے جواز بنا کر بھارت نے 7 سے 10 مئی کے دوران پاکستان پر کھلی جارحیت کی، جس میں 54 بے گناہ شہری شہید ہوئے، جن میں 15 بچے اور 13 خواتین شامل تھیں۔ پاکستان نے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے ذمہ دارانہ اور محتاط جوابی کارروائی کی۔

محمد راشد نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ بھارت کا رویہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے اور عالمی امن کے لیے خطرناک مثال قائم کر رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جنوبی ایشیا کے 1.9 ارب عوام امن، استحکام اور ترقی کے مستحق ہیں، جو صرف خلوص، باہمی احترام، مکالمے اور سفارت کاری سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے، اور اگر بھارت بھی اسی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے، تو خطے میں دیرپا امن ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

ٹیگز: