اسلام آباد : وفاقی وزیر خواجہ آصف نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی کے بعد 'معرکہ حق' ہماری تاریخ کا ایک نہایت روشن باب ہے اور اس کے بعد پاکستان نے سفارتی محاذ پر عالمی سطح پر اپنی پہچان بنائی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ چند ماہ پہلے تک کوئی یہ تصور نہیں کر سکتا تھا کہ پاکستان عالمی سفارتکاری میں اس قدر مرکزی اور اہم کردار ادا کر رہا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملکی تاریخ میں ایٹمی قوت بننے جیسے کئی تاریخی لمحات آئے، لیکن موجودہ سفارتی پیش رفت نے پاکستان کے وقار میں مزید اضافہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل اپنی امن پسندی کی بدولت اس وقت دنیا کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر نے گزشتہ دو دہائیوں سے مسلم ممالک کے خلاف کیے جانے والے منفی پروپیگنڈے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی فعال سفارتکاری کے ذریعے اس پروپیگنڈے کو ختم کرنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی موجودہ قیادت نے اس ضمن میں تاریخ ساز کردار ادا کیا ہے جس کی بدولت عالمی سطح پر ملک کا بیانیہ مضبوط ہوا ہے۔