لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے آسکر ایوارڈ یافتہ پاکستانی نژاد فلم ساز اور معروف صحافی شرمین عبید چنائے نے ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات میں نواز شریف آئی ٹی سٹی (NSIT) میں "پنجاب فلم سٹی" کے قیام کے منصوبے پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے باہمی اشتراکِ کار پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے شرمین عبید چنائے کی عالمی سطح پر پیشہ ورانہ کامیابیوں اور ان کی دستاویزی فلم سازی میں مہارت کو زبردست سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والی شخصیات ملک کا اثاثہ ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب فلم سٹی کے ذریعے مقامی ٹیلنٹ کو عالمی معیار کی سہولیات میسر ہوں گی اور فلم سازی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کروایا جائے گا۔