آفریدی اور یونس نے پی سی بی کی الوداعی تقریب میں شرکت سے معذرت کر لی

آفریدی اور یونس نے پی سی بی کی الوداعی تقریب میں شرکت سے معذرت کر لی

لاہور: قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی اور یونس خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے منعقد کی جانے والی الوداعی تقریب میں شرکت سے معذرت کر لی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے 14 ستمبر کو ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے موقع پر 3 سابق کپتانوں کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کرنے کا اعلان کیا تھا جو اب کھٹائی میں پڑتا دکھائی دے رہا ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کے لئے 540 وکٹیں حاصل کرنے والے شاہد آفریدی کو چئیرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے فون کیا اور انہیں ان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔شاہد آفریدی نے یہ کہہ کر چئیرمین سے تقریب میں شرکت سے معذرت کرلی کہ وہ دستیاب نہیں ہوں گے۔ سابق کپتان اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ انہیں کسی الوداعی میچ کی ضرورت نہیں۔

یونس خان کے بارے میں بھی اطلاعات ہیں کہ وہ الوداعی تقریب کا حصہ بننا نہیں چاہتے۔ یونس خان نے پی سی بی کے اعلیٰ حکام کی جانب سے رابطے پر واضح انداز میں کہہ دیا ہے کہ وہ 14 ستمبر کو الوداعی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔